Friday, 10 September 2021

شیخ رشید کی پریس کانفرنس ‏ ‏

آگرہ روڈ کا کام ٹینڈر کے مطابق مکمل کیا جائیگا، کسمباروڈ بھی ہم ہی بنائیں گے

ہم اگر بولنے پر آگئے تو سب کا کچا چٹھا ہمیں معلوم ہے لیکن معیار سے گر کر بولنا ہمارا شیوہ نہیں شیخ رشید

چوری اور توڑی بازی میں ملوث بچہ لیڈران کانگریس پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہیں لیکن ثابت نہیں کرپائے
مالیگاؤں (احرار ) 9,ستمبر کارپوریشن کا الیکشن قریب ہے اور اپنے حصہ کی سیٹوں میں اضافہ کرنے کیلئے اپنے آپ کو تعلیم یافتہ اور گریجویٹ کہنے والے بچہ لیڈران کانگریس کے تعمیری کاموں میں بدعنوانی ڈھونڈنے اور ایک مرتبہ پھر عوام کو بیوقوف بنانے نکل پڑے ہیں۔ مقامی سیاست میں اتنی تہذیبی گراوٹ آگئی ہیکہ اپنے باپ کی عمر کے لیڈروں یا خاتون میئر کیلئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم اگر بولنے پر آگئے تو ہمارے پاس سب خا کچا چٹھا موجود ہے۔ ان تلخ الفاظ کیساتھ کانگریس صدر شیخ رشید نے اردو میڈیا سینٹر میں صحافیوں سے مخاطبت کے دوران کہا کہ کانگریس کے خلاف مقامی سیاست میں مہا گٹھ بندھن کے نام سے ایک محاذ بنایا گیا ہے۔ لیکن گٹھ بندھن میں شامل دو چھوٹی چھوٹی پارٹیاں اپنی سیٹوں میں اضافہ کرنے کیلئے مجلس اتحادالمسلمین کے ایم۔ایل۔اے۔ کو بلیک میل کررہی ہیں انہیں سمجھ رہا ہے کہ مفتی اسماعیل کی مدد کے بغیر ان کی  بتی گل ہوجائیگی۔ اس کے باوجود ایک بچہ لیڈر پریس کانفرنس میں کہتا ہیکہ مفتی صاحب کے قریب اچھے لوگ نہیں ہیں۔ تو ان سے پوچھا جاسکتا ہیکہ ان کے قریب کون لوگ رہتے ہیں۔
شیخ رشید نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے دھولیہ اور مالیگاوں کے مجلسی اراکین اسمبلی میں لفظی جھڑپ اور ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دھولیہ کے ایم۔ایل۔اے۔ نے اپنے کروڑوں روپیوں کے تعمیری کام کی دستاویز پیش کردی ہیں اب مقامی ایم۔ایل۔اے کو بھی اپنے ایم۔ایل۔اے۔فنڈ اور حکومت سے حاصل ہونے والی گرانٹ کی تفصیل عوام کو پیش کرنا چاہیئے۔ لیکن ہمیں معلوم ہیکہ ان کا فنڈ لیپس ہوچکا ہے۔جو موصوف کی ناکامی اور نااہلی کا بین ثبوت ہے۔ ہمارے مہینوں پہلے کئے ہوئے دعوے کی تصدیق خود مفتی اسماعیل کی ہی پارٹی کے دھولیہ کے ایم ایل اے نے کردی ہے۔ 
آگرہ روڈ کا کام روک دیئے جانے کی خبر ایک اخبار میں شائع ہونے پر صدر شہر کانگریس شیخ رشید نے کہا کہ جن کے باپ دادا نے برسوں تک اس شہر میں نمائندگی کی اور شہر کو کوئی تعمیری کام نہیں دیئے ان لوگوں کے ذریعہ کانگریس اور میونسپل برسراقتدار کو بدنام کرنے کیلئے اس طرح کی خبریں شائع کی جاتی ہیں۔ اخبار کے مالک یا خبر لکھنے والے نے کارپوریشن انتظامیہ یا میئر طاہرہ شیخ رشید اور برسراقتدار سے تصدیق کئے بغیر کام روک دیئے جانے اور فنڈ ختم ہوجانے کی خبر شائع کی ہے۔ انہوں نے بتلایا کہ آگرہ روڈ کا کام دو مرحلوں میں کئے جانے کا اظہار کیا گیا تھا۔ جس میں 9,کروڑ روپیوں کے تخمینے سے سخاوت ہوٹل تا نیشنل کمپاؤنڈ اور 4,کروڑ روپیوں میں دونوں جانب آر۔سی۔سی۔ گٹر کا کام ہے جبکہ دوسرے مرحلہ کا ٹینڈر آخری مراحل میں ہے اور ٹینڈر کی خانہ پری ہونے کے بعد ورک آرڈر دیا جائیگا۔ انہوں نے واضح طور پر بتلایا کہ سخاوت ہوٹل سے نور باغ چوک انصار پترا ڈپو تک ایک جانب کا روڈ مکمل ہوا ہے اور کیورنگ ٹائمنگ کیلئے روکا گیا ہے کیورنگ ٹائمنگ کے بعد اس روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا اور انصار پترا ڈپو سے ہی دوسری جانب کا کام شروع کیا جائیگا جبکہ دوسرے مرحلہ کا ٹینڈر مکمل ہونے پر آگے کا تعمیری کام شروع کیا جائیگا۔ شیخ رشید نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آگرہ روڈ کا کام دیوی کے ملہ تک مکمل کیا جائیگا صرف اتنا ہی نہیں شہید عبدالحمید روڈ جو کسمباروڈ کے نام سے مشہور ہے اس کا کام بھی کانگریس اور برسراقتدار ہی پورا کریں گے۔ صدر کانگریس نے چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ انگلیوں پر گنے جانے والوں کی پارٹی نے 10,ستمبر کو چھتری آندولن کا اعلان کیا ہے۔ سمجھ میں نہیں آتا چھتری لیکر یہ کس کیخلاف احتجاج کریں گے۔ کیونکہ یہ نسرگ (ماحولیات) کا معاملہ ہے اور بارش برسانے کا کام مالک کائنات کے ہاتھ میں ہیں اب یہ چھتری آندولن کس کیخلاف ہے عوام خود اندازہ لگا لیں۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ جس سیاسی پارٹی کے لوگ کسمبا روڈ پر چھتری لیکر احتجاج کررہے ہیں اسی روڈ سے متصل وارڈ سے ان کی پارٹی کے بھی کارپوریٹر چن کر آئے ہیں ان سے پوچھنا چاہیئے کہ کسمباروڈ کیلئے ان کارپوریٹرس نے کتنا فنڈ دیا ہے یا کسی نے اس روڈ کی تعمیر کیلئے کوئی کوشش کی ہے کیا؟ جو لوگ خود توڑی اور چوری میں سر سے پیر تک ملوث ہیں وہ کانگریس لیڈران پر بدعنوانی کے الزام عائد کرتے ہیں۔ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں، ہمیں بھی ان کے کالے کارنامے اور کچے چٹھے معلوم ہیں۔ لیکن ہم اپنے معیار سے گر کر بات نہیں کرتے ہم اگر بولنے پر آجائیں تو اینٹ سے اینٹ بجادیں لیکن یہ ہمارا معیار نہیں ہے۔ سیاست کو سیاست کی طرح کرنا چاہیئے کانگریس کے تعمیری کاموں کا موازنہ حزب اختلاف اور تمام سیاسی پارٹیوں کو اپنے تعمیری کاموں سے کرنا چاہیئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تعمیری کاموں کی بنیاد پر کارپوریشن کی آئندہ معیاد کیلئے ہونے والے الیکشن میں کانگریس کا ہی میئر رہنے کا دعویٰ کیا۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس صدر شیخ رشید کے علاوہ اصغر انصاری، شیخ ذاکر عبدالمجید ، عبدالکریم اقصٰی ، تبریز انصاری اور سید افضل وغیرہ موجود تھے۔

No comments:

Post a Comment

आमदार फारूक शाह यांच्या विकास कामांचा धडाका सुरूच.

आमदार फारूक शाह यांच्या विकास कामांचा धडाका सुरूच. महानगरपालिका क्षेत्रात मुलभूत सोयी सुविधांचा विकास योजने अंतर्गत धुळे शहरासाठी ५ कोटी मंज...